کاروار،21؍دسمبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں سوشیل میڈیا، ای میل اور موبائل فون کال کے ذریعے لوگوں کو ٹھگنے کے معاملات کم نہیں ہورہے ہیں۔ پولیس اور بینک افسران کے ذریعے عوام کو چوکنا کیے جانے اور کسی بھی اجنبی شخص کی باتوں میں نہ آنے کی مسلسل تاکید کرنے کے باوجودلوگ بے وقوف بن رہے ہیں اور کسی نہ کسی بہانے سے رقم اینٹھنے کے واقعات پیش آ تے جارہے ہیں۔
دستیاب معلومات کےمطابق ضلع میں گزشتہ دو سال کے دوران سائبر کرائم کے کُل 67معاملات پیش آئے جس میں سے صرف 7 معاملے حل کیے جاسکے ہیں۔ سال 2019میں فریب کاری اور دھوکہ سے رقم اینٹھنے کے 44 واقعات ہوئے تھے جبکہ سال 2020میں یہ تعداد 23ہوگئی ہے۔چونکہ دھوکہ دہی کرنے والے فیس بک وغیرہ پر جعلی آئی ڈی بناکر اپنی کارروائی انجام دیتے ہیں، اس لئے ان کا پتہ لگانا سائبر کرائم پولیس کے لئے بھی انتہائی مشکل کام بن گیا ہے۔